چیئرمین کورٹ چوہدری اختر کی ایڈیشنل چیف وارڈن سول ڈیفینس فیصل منظور کو مبارکباد۔
میرپور کی ممتاز رفاعی و سماجی شخصیت، چیئرمین کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ (KORT) جناب چوہدری اختر صاحب نے نو تعینات ایڈیشنل چیف وارڈن سول ڈیفنس میرپور جناب فیصل منظور کو مبارکباد دینے سول ڈیفنس میرپور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ایڈیشنل چیف وارڈن، جناب فیصل منظور کو ان کی نئی ذمہ داری سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کی۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر سول ڈیفنس راجہ محمد اشتیاق، ایڈیشنل چیف وارڈن فیصل منظور اور بم سکواڈ کے انچارج ہمایوں آفریدی نے جناب چوہدری اختر کو ادارے کی کارکردگی، موجودہ سرگرمیوں، دستیاب وسائل اور درپیش چیلنجز کے حوالے سے ایک تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر چوہدری اختر صاحب نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ دو دہائیوں سے میرپور میں فلاحی خدمات سرانجام دے رہے ہیں، تاہم سول ڈیفنس میرپور کی موجودگی سے وہ ناواقف تھے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس اہم ادارے کی فعالیت اور خدمات کو عوامی سطح پر اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل چیف وارڈن فیصل منظور جیسے متحرک اور باصلاحیت نوجوان کی تعیناتی یقیناً ادارے کے لیے ایک مثبت قدم ہے، اور ان کی کوششوں سے سول ڈیفنس کی افادیت کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔
چوہدری اختر نے محدود وسائل کے باوجود ادارے کے عملے کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی لگن اور محنت قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ وہ آئندہ بھی ادارہ سول ڈیفنس میرپور کے ساتھ ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے اور اس ادارے کی فلاح و ترقی کے لیے جو کچھ ممکن ہوا، ضرور کریں گے۔