راولاکوٹ میں آزادی پسند اور ترقی پسند تنظیموں کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی
راولاکوٹ (بیورو رپورٹ) – راولاکوٹ میں آزادی پسند اور ترقی پسند تنظیموں کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی پوسٹ گریجویٹ کالج گراؤنڈ سے شروع ہوئی اور شہر کے مختلف راستوں سے گزرتی ہوئی کچہری چوک پہنچی جہاں مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے چیئرمین سردار محمد صغیر خان ایڈووکیٹ نے اعلان کیا کہ اگر گرفتار نوجوانوں کو رہا نہ کیا گیا اور ان کے خلاف درج ایف آئی آرز ختم نہ ہوئیں تو انتظامیہ کو دی گئی 29 اگست رات بارہ بجے تک کی فائنل ڈیڈلائن کے بعد 30 اگست سے ضلع پونچھ مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس دوران ضلع پونچھ کے دیگر مقامات سمیت آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں بھی احتجاجی مظاہرے جاری رہیں گے۔ جبکہ آئندہ کی حکمتِ عملی طے کرنے کے لیے 23 اگست کو راولاکوٹ میں گرینڈ جرگہ منعقد ہوگا جس میں مختلف سیاسی، سماجی اور طلبہ تنظیموں کے نمائندے شریک ہوں گے۔
مظاہرے میں شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور حکومت مخالف نعرے لگائے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی گرفتاریوں اور مقدمات کا اندراج سراسر ناانصافی ہے اور عوام ایسے ہتھکنڈوں کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے