کراچی میں موسلا دھار بارش، نظام زندگی مفلوج
کراچی: شہر قائد میں وقفے وقفے سے ہونے والی موسلا دھار بارش نے نظامِ زندگی کو مفلوج کر دیا۔ ضلعی انتظامیہ کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے اور کئی علاقے اربن فلڈنگ کی لپیٹ میں آگئے۔
ضلع وسطی سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں بارش کے بعد سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔ سٹی کورٹ کے اطراف میں پانی جمع ہونے سے وکلا اور سائلین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ نارتھ کراچی سیکٹر 11-بی میں نالے ابل پڑے جبکہ یوپی موڑ سے پاور ہاؤس چورنگی تک روڈ زیرِ آب آ گیا۔ اسلامیہ کالج، علامہ اقبال لائبریری اور لیاقت آباد چونا ڈیپو کے قریب بھی ٹریفک معطل ہو گیا۔
نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، گولیمار چورنگی، سینیٹری مارکیٹ، کے ڈی اے چورنگی اور کے ایم سی بلڈنگ کے اطراف بھی پانی کھڑا ہے۔ جناح اسپتال کے بچہ وارڈ اور این آئی سی وی ڈی کے مین گیٹ پر پانی جمع ہونے سے مریضوں اور عملے کو شدید مشکلات پیش آرہی ہیں۔