منگلا پولیس کی دبنگ کارروائی، جنوبی پنجاب سے مغویہ لڑکی بازیاب ، اغواء کار گرفتار
میرپور(قاضی عابد سے) ایس ایس پی خرم اقبال نے منگلا ہیملٹ سے لڑکی کے اغواء کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی سکندر اعظم اور ایس ایچ او تھانہ منگلا صداقت حسین کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی۔ پولیس ٹیم نے جدید تفتیشی حکمت عملی اپناتے ہوئے نہ صرف مغویہ کو بحفاظت بازیاب کرایا بلکہ مرکزی ملزم کو بھی گرفتار کیا۔
تفصیلات کے مطابق 11 جولائی 2025 کو گل رحمان ساکن منگلا ہیملٹ نے رپورٹ درج کرائی کہ اس کی بیٹی نازیہ بی بی گھر سے غائب ہے۔ اس اطلاع پر ایس ایس پی ضلع میرپور نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ٹیم تشکیل دی، جس میں اے ایس آئی اسد اقبال، مبارک علی، کامران آصف بٹ اور دیگر اہلکار شامل تھے۔ ایس ایچ او صداقت حسین نے انتہائی مستعدی اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جدید طریقۂ تفتیش اپنایا اور کم وقت میں ملزمان کا سراغ لگا لیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اغواء میں ملوث مرکزی ملزم صفدر ولد نور احمد عرف نورا قوم رانا ساکن چک نمری 53/12، تحصیل چیچہ وطنی ضلع ساہیوال کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کی نشاندہی پر اس کے گھر چیچہ وطنی سے مغویہ نازیہ بی بی کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم صفدر عرف نورا اس سے قبل بھی پنجاب کے مختلف تھانوں میں متعدد وارداتوں میں ملوث رہ چکا ہے۔ ایس ایس پی خرم اقبال نے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیح ہے جبکہ جرائم پیشہ عناصر کسی بھی صورت قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔ انہوں نے ایس ایچ او صداقت حسین اور ان کی ٹیم کی بروقت، پیشہ ورانہ اور مثالی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہی جذبہ پولیس کے مورال کو مزید بلند کرتا ہے۔
عوامی حلقوں نے پولیس کی شاندار کارروائی اور مغویہ لڑکی کی بحفاظت واپسی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پولیس فورس کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔