میرپور مشہور قتل کیس کا اشتہاری قاتل ملک واپسی پر گرفتار
استاد جیلا موٹر قتل کیس کا مرکزی ملزم ولید انصر دبئی سے واپسی پر دھر لیا گیا
میرپور(کرائم رپورٹر) بن خرماں کے رہائشی استاد جیلا عرف موٹر کو بےدردی سے قتل کر کے دبئی فرار ہونے والا اشتہاری ولید انصر بالآخر پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔ ذرائع کے مطابق ولید انصر، جس نے فائرنگ کر کے استاد جیلا موٹر کو موت کے گھاٹ اتارا تھا، آج وطن واپسی پر ایئرپورٹ حکام کے ہاتھوں گرفتار ہوا۔
ایئرپورٹ حکام نے فوری طور پر میرپور پولیس کو اطلاع دی، جس پر ایس ایس پی میرپور خرم اقبال کی ہدایت پر تھانہ نیو سٹی کے ایس ایچ او چوہدری مہربان نے ٹیم تشکیل دی۔ تفتیشی افسران محمود اور صغیر قریشی نے برق رفتاری سے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو ایئرپورٹ حکام سے اپنی تحویل میں لے لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ولید انصر کی گرفتاری استاد جیلا موٹر کے لواحقین کے لیے کسی انصاف کی کرن سے کم نہیں۔ ایس ایس پی خرم اقبال، ایس ایچ او چوہدری مہربان اور ان کی ٹیم کو شہریوں اور مقتول کے عزیز و اقارب کی جانب سے داد و تحسین دی جا رہی ہے کہ انہوں نے خطرناک اشتہاری کو قانون کے شکنجے میں لا کر میرپور پولیس کا سر فخر سے بلند کر دیا۔