پاکستان کی خبریں

جہلم سے معروف مذہبی اسکالر انجینئر محمد علی مرزا گرفتار

جہلم: معروف مذہبی اسکالر انجینئر محمد علی مرزا کو پولیس نے سخت سیکیورٹی میں گرفتار کرلیا۔ ذرائع کے مطابق مرزا محمد علی کو جہلم کے علاقے مشینی محلہ میں واقع اپنی اکیڈمی سے حراست میں لیا گیا۔ گرفتاری کے وقت پولیس کی بھاری نفری اور سیکیورٹی اداروں کے اہلکار موجود تھے، جس کے بعد انہیں سخت حفاظتی حصار میں ڈسٹرکٹ جیل جہلم منتقل کردیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مرزا محمد علی کو تھری ایم پی او (3 MPO) کے تحت گرفتار کیا گیا ہے اور اس کارروائی میں نیشنل سائبر کرائم ایجنسی (NCCIA) نے بھی حصہ لیا۔

قانونی ماہرین کے مطابق “تھری ایم پی او” دراصل مینٹیننس آف پبلک آرڈر آرڈیننس 1960 کی دفعہ 3 ہے، جس کے تحت کسی بھی ایسے شخص کو عارضی طور پر گرفتار یا نظر بند کیا جاسکتا ہے جس کی سرگرمیاں امن و امان کے لیے خطرہ سمجھی جائیں۔ یہ اقدام انتظامیہ کو اس وقت اختیار دیا جاتا ہے جب حالات قابو سے باہر ہونے کا اندیشہ ہو۔

گرفتاری کے بعد مقامی سطح پر سخت سیکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ واقعے پر مختلف حلقوں کی جانب سے ردعمل سامنے آنے کا امکان ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *