سیلابی صورتحال, سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل۔
سیالکوٹ (نیوز ڈیسک) — دریائے چناب میں سیلابی صورتحال کے باعث سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن آج سے رات 10 بجے تک عارضی طور پر معطل کردیا گیا ہے۔ ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق اس سلسلے میں باضابطہ نوٹم جاری کردیا گیا ہے۔
ترجمان ایئرپورٹ کا کہنا ہے کہ سیلابی پانی جنوبی حصے کی جانب بڑھ رہا ہے اور حفاظتی بند عبور کرتے ہوئے کچھ علاقوں میں داخل بھی ہوگیا ہے، تاہم ٹرمینل بلڈنگ، مرکزی عمارت، پارکنگ ایریا اور رن وے فی الحال مکمل طور پر محفوظ ہیں۔ ترجمان کے مطابق پانی کے فوری اخراج کے لیے ڈی واٹرنگ پمپس اور تمام مشینری کو متحرک کر دیا گیا ہے جبکہ آلات بھی مکمل طور پر محفوظ ہیں۔
دوسری جانب، ایئرپورٹ کی عارضی بندش کے باعث پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے پروازوں کا شیڈول تبدیل کردیا ہے۔ پی آئی اے کے مطابق سیالکوٹ سے آپریٹ ہونے والی پروازیں آج رات 10 بجے تک لاہور ایئرپورٹ سے روانہ ہوں گی۔
متاثرہ پروازوں میں شامل ہیں:
پی کے 746 (جدہ تا سیالکوٹ)
پی کے 745 (سیالکوٹ تا جدہ)
پی کے 239 (سیالکوٹ تا کویت)
پی کے 244 (دمام تا سیالکوٹ)
پی آئی اے نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی پروازوں کے تازہ شیڈول کے لیے 786-786-111 پر کال سینٹر سے رابطہ کریں۔