ضلع میرپور کی خبریں

میرپور، عظیم الشان “تاجدارِ ختم نبوت کانفرنس” کا انعقاد

میرپور (نمائندہ خصوصی)
مرکزی سنی علماء و مشائخ کونسل آزاد کشمیر کے زیراہتمام سالانہ عظیم الشان تاجدارِ ختم نبوت کانفرنس کشمیر پریس کلب میرپور میں نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوئی۔ کانفرنس کی صدارت ممتاز دینی رہنما، فقیہِ وقت، قائد العلماء، محسنِ ملت اور مفتیِ اعظم آزاد کشمیر ابو الفائز مفتی محمد وسیم رضا نے کی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مفتی محمد وسیم رضا نے کہا کہ 7 ستمبر اہلِ ایمان کے لیے یومِ فتح اور جشن کا دن ہے۔ عقیدہ ختمِ نبوت ایمان کا بنیادی حصہ ہے، جس کے بغیر ایمان مکمل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ 7 ستمبر 1974ء کو قومی اسمبلی کے تاریخی اجلاس میں مرزا قادیانی کے پیروکاروں کو متفقہ طور پر غیر مسلم اقلیت قرار دیا گیا اور اس فیصلے کو آئین کا حصہ بنایا گیا۔ بعد ازاں 1984ء میں امتناعِ قادیانیت آرڈیننس کے ذریعے قادیانیوں کو اسلامی شعائر استعمال کرنے سے روک دیا گیا۔

کانفرنس میں علامہ مفتی زبیر نقشبندی خطیب اعظم دربار عالیہ کھڑی شریف، مفتی عبدالغفار ضلع مفتی میرپور، پروفیسر قاضی شفیق الرحمن خطیب عیدگاہ و مکی کالج ، اسحاق چوہان، علامہ توریز چشتی منگلا، صحافی ظفر مغل، میجر (ر) راجہ خضر الرحمان، قاری مروت حسین، محبوب حسین حقانی، تاجر رہنما راجہ خالد محمود خان اور لبریشن لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر افتخار مغل سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

مقررین نے کہا کہ عشقِ رسول ﷺ اور محبتِ مصطفی ﷺ کے بغیر ایمان اور عبادات نامکمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن و سنت پر عمل پیرا ہو کر ہی ہم اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن قوتیں اسلام اور مسلمانوں کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں، جنہیں اتحاد و یکجہتی کے ذریعے ہی ناکام بنایا جا سکتا ہے۔

مقررین نے قائدِ اہلِ سنت امام شاہ احمد نورانی صدیقیؒ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دینی خدمات شاندار اور ناقابلِ فراموش ہیں۔ ختمِ نبوت کے قانون کی منظوری ان کا عظیم کارنامہ ہے، جو تاقیامت تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔

اجلاس میں کے ڈی چوہدری نے قراردادیں پیش کیں جبکہ نظامت کے فرائض اسحاق چوہان نے سرانجام دیے۔

کانفرنس کے اختتام پر اتحادِ عالمِ اسلام، استحکامِ پاکستان، تحریکِ آزادی کشمیر، خطۂ کشمیر کی ترقی و خوشحالی اور پاک فوج کے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *